17 جنوری ، 2020
کراچی میں ٹریفک قوانین خاص طور پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ٹریفک اور تھانہ پولیس نے بھرپور آپریشن شروع کردیا ہے۔
اس سلسلے میں کراچی کے لگ بھگ 100 مقامات پر پولیس کی خصوصی ٹیمیں ’ون وے‘ کی خلاف ورزی کرنے والوں گرفتار کرکے مقدمات درج کر رہی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق کراچی کے تینوں زونز کی مرکزی شاہراہوں پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے موٹرسائیکل سواروں، رکشہ، کار ڈرائیوروں اور دیگر گاڑیاں چلانے والوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے غفلت اور لاپرواہی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔
کراچی غلام نبی میمن کی ہدایت پر شروع کی گئی مہم ایسے مقامات سے شروع کی گئی ہے جہاں ون وے کی خلاف ورزی کی وجہ سے سنگین حادثات ہوتے ہیں اور بیشتر مقامات پر جانی نقصان بھی ہورہا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر، تمام ایس پی ٹریفک، ایس ڈی پی اوز، سیکشن افسران، ایس ایچ اوز دیگر متعلقہ افسران اس مہم میں شریک ہیں جس میں کیمروں اور موبائل ویڈیوز کی مدد سے شواہد بھی جمع کیے جارہے ہیں۔
عام ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کئے جارہے ہیں تاہم ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے انہیں تھانوں میں منتقل کیا جارہا ہے جہاں ٹریفک پولیس کی مدعیت میں ان کے خلاف مقدمات درج کیے جارہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ماضی میں اس طرح کے گرفتار شدگان کو تھانے سے ہی شخصی ضمانت پر چھوڑ دیا جاتا رہا مگر اس مہم میں پولیس حکام کی جانب سے سخت احکامات ہیں کہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے تمام گرفتار شدگان کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے بتایا کہ یہ آپریشن بلاتفریق ہے، ہفتے سے ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر اور متعلقہ ایس پی ٹریفک مشاورت سے مختلف علاقوں میں ون وے کی خلاف ورزی کی مہم کا وقت اور دورانیہ خود مقرر کریں گے۔