24 اگست ، 2012
اسلام آباد…سپریم کورٹ آئندہ ہفتے وزیر اعظم اور ملک ریاض کے خلاف توہین عدالت کیسز ، ارسلان افتخار کیس، انسانی اعضا ء کی غیر قانونی پیوند کاری سمیت کئی اہم مقدمات کی سماعت کرے گی۔ پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں 80سے زائد مقدمات سماعت کے لیے مقرر کیے گئے ہیں۔ سپریم کورٹ سے آئندہ ہفتے کے لیے جاری کاز لسٹ کے مطابق پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں تین بینچ تشکیل دیے گئے ہیں۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں پانچ رکنی خصوصی بینچ این آر او عمل درآمد کیس میں راجہ پرویز اشرف کے خلاف 27 اگست کو توہین عدالت شوکاز نوٹس کیس کی سماعت کرے گا ،عدالت نے وزیر اعظم کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی طور پر طلب بھی کر رکھا ہے ۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں دورکنی بینچ27اگست کو انسانی اعضا ء کی غیر قانونی پیوند کاری کیس اور 28اگست کو ارسلان افتخار کیس کی سماعت کرے گا۔ جسٹس اعجاز افضل اور جسٹس اعجاز چوہدری پر مشتمل بینچ ملک ریاض کے خلاف توہین عدالت کی فرد جرم عائد کرنے کے کیس کی سماعت 29اگست کو کرے گا۔