پاکستان
Time 18 جنوری ، 2020

پنجاب میں آٹے کی ملوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 9 کروڑ سے زائد کا جرمانہ عائد

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے سخت احکامات پر محکمہ خوراک نے صوبے بھر میں فلور ملوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔

ملک بھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے اور کراچی، حیدرآباد اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں فی کلو آٹے کی قیمت 70 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام کو فوری طور پر آٹے کی قیمت کو کنٹرول کرنے کی ہدایت کی تھی۔

عثمان بزدار کے احکامات پر محکمہ خوراک پنجاب نے کارروائی کرتے ہوئے 376 فلور ملوں پر 9کروڑ 6 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کر دیا جب کہ 15 فلور ملوں کے لائسنس اور 180 فلور ملوں کا گندم کا کوٹہ بھی معطل کر دیا۔

محکمہ خوراک نے فرائض سے غفلت برتنے پر 4 افسران کو بھی عہدے سے فارغ کر دیا ہے۔

عہدے سے فارغ ہونے والے افسران میں ڈسٹرکٹ فوڈکنٹرولرگوجرانوالہ روحیل بٹ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سیالکوٹ نصراللہ خان ندیم، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ خوراک فیصل آباد کامران بشیر اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وہاڑی صغیر احمد شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی پنجاب حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ صوبے میں بیڈ گورننس کی وجہ سے تحریک انصاف کو دباؤ کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :