18 جنوری ، 2020
بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ کے لیجنڈ نغمہ نگار جاوید اختر کی اہلیہ شبانہ اعظمی کی گاڑی کو حادثہ پونے ممبئی ایکسپریس پر مہاراشٹرا کے ضلع رائے گد کے پاس پیش آیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئیں اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حادثے کے وقت ان کے شوہر جاوید اختر بھی گاڑی میں موجود تھے تاہم وہ محفوظ رہے۔
69 سالہ اداکارہ کی گاڑی کو حادثہ ممبئی سے 60 کلو میٹر دور کھالاپور کے قریب دوپہر ساڑھے تین بجے پیش آیا جب ان کی گاڑی ایک ٹرک سے پیچھے سے جا ٹکرائی۔
سوشل میڈیا پر چلنے والی تصویروں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شبانہ اعظمی کو گاڑی کی پچھلی نشستوں سے نکالا جارہا ہے اور ان کے چہرے اور آنکھوں پر بہت زیادہ سوجن نظر آرہی ہے۔
حادثہ اس قدر شدید تھا کہ شبانہ اعظمی کی گاڑی کا اگلا حصہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔
شبانہ اعظمی اس وقت ممبئی کے ایم جی ایم اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔
خیال رہے کہ شبانہ اعظمی بالی وڈ کا ایک معتبر نام ہیں اور انہیں 1998 میں پدما شری ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جبکہ وہ 5 بار نیشنل فلم ایوارڈ بھی اپنے نام کرچکی ہیں۔
وہ 2014 میں پاکستان کا دورہ بھی کرچکی ہیں۔