پاکستان
Time 19 جنوری ، 2020

وفاقی وزیر نے ملک میں آٹے کے بحران کی ذمہ داری سندھ حکومت پر ڈال دی

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے ملک میں جاری آٹے کے بحران کی ذمہ داری سندھ حکومت پر ڈال دی۔

اپنے بیان میں علی زیدی کا کہنا تھا کہ سندھ کی کرپٹ اور نااہل حکومت آٹے کے بحران کی براہ راست ذمہ دار ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) کے پاس سندھ کے لیے 3 لاکھ ٹن گندم موجود ہے لیکن سندھ حکومت نے پاسکو سے صرف ایک لاکھ ٹن گندم اٹھائی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک بار پھر سندھ حکومت کی سستی اور نا اہلی بےنقاب ہوگئی، سب سے بڑی بات، سندھ کے وزیر خوراک سے پوچھا گیا تو اسمبلی میں کہا کہ گندم کو چوہے کھا گئے۔

علی زیدی کا کہنا تھا جی اگر یہ بحران ہنگامی بنیادوں پر حل نہ ہوا تو سندھ حکومت کے خلاف بڑے احتجاج کا خدشہ ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے اور کراچی، حیدرآباد اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں فی کلو آٹے کی قیمت 70 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

 وزیر اعظم عمران خان نے آٹے کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لیا ہے اور آٹے کے بحران سے نمٹنے کیلئے گرینڈ آپریشن کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :