Time 19 جنوری ، 2020
پاکستان

پاکستانی وفد ایف اے ٹی ایف مذاکرات میں شرکت کیلئے چین پہنچ گیا

پاکستانی وفد فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)  سے 3 روزہ مذاکراتی اجلاس میں  شرکت کے لیے چین پہنچ گیا۔

وفاقی وزیر  برائے اقتصادی امور حماد اظہر  پاکستانی وفد کی قیادت کررہے ہیں، ایف اے ٹی ایف کا 3 روزہ مذاکراتی اجلاس 21 جنوری سے 23 جنوری تک چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے بیجنگ میں ایف اے ٹی ایف حکام سے 21 جنوری سے  براہ راست مذاکرات ہوں گے۔

پاکستانی وفد میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا)، کسٹمز، اسٹیٹ بینک، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) وزرات خارجہ اور وزرات داخلہ کے حکام شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد مذاکرات سے قبل 20 جنوری کو باہمی میٹنگ بھی کرے گا۔

خیال رہے کہ  ایف اے ٹی ایف نے گذشتہ ماہ دسمبر میں  پاکستان کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ کے جواب میں  150 سوالوں کے جواب 8 جنوری 2020 تک طلب کیے تھے۔

ان سوالات میں پاکستان میں مدرسوں سے متعلق زیادہ وضاحتیں طلب کی گئی تھیں جب کہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے سے متعلق پیش رفت سمیت دہشت گردوں پر قائم مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نظر ثانی رپورٹ 8 جنوری کو ایف اے ٹی ایف کو بھجوا چکا ہے جس کے مطابق  پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ارکان کی تعداد 37 ہے جس میں امریکا، برطانیہ، چین، بھارت اور ترکی سمیت 25 ممالک، خیلج تعاون کونسل اور یورپی کمیشن شامل ہیں۔

تنظیم کی بنیادی ذمہ داریاں عالمی سطح پر منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہیں۔

مزید خبریں :