20 جنوری ، 2020
شادی کی تقاریب میں اکثر بہت اخراجات ہوجاتے ہیں اور ان اخراجات سے بچنے کے لیے بہت سے لوگ سادگی سے شادی کرنے کی راہ اپناتے ہیں لیکن کیا ان اخراجات کو کم کرنے کیلیے شادی میں آنے والے مہمانوں سے داخلہ فیس لینے کے بارے میں کبھی سُنا ہے؟
اگر نہیں تو آج ہم آپ کو اسی حوالے سے بتانے والے ہیں، ایک امریکی دُلہن نے شادی میں آنے والے مہمانوں سے داخلہ فیس (انٹری فیس) لینے کا مطالبہ کیا تاکہ اس کے شادی کے اخراجات پورے ہوسکیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک امریکی دُلہن نے اپنی شادی کی تقریب میں مدعو افراد سے رقم مانگ لی تاکہ یہ مدعو مہمان 'خصوصی مہمانوں کی فہرست' میں شامل ہوجائیں۔
حال ہی میں ایک 19 سالہ دُلہن کی کزن نے ریڈاِٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ ’میری کزن کی شادی ہونے والی ہے اور اس نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی شادی میں آنے والے مہمانوں سے 50 ڈالر کی رقم چارج کریں گی‘۔
لڑکی نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’وہ انہیں پیسے آن لائن ایپ کے ذریعے بھیج سکتے ہیں جس سے کسی کو بھی دقت نہیں ہوگی بعد ازاں جو شخص انہیں پیسے بھیج دے گا وہ اسے خصوصی مہمانوں کی فہرست میں شامل کر لیں گی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کا بنیادی مقصد یہ ہوگا کہ جب دوسرے مہمان تقریب میں شرکت کے لیے رقم ادا کر رہے ہوں گے تو آپ کو لائن میں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔
دُلہن کی کزن نے مزید بتایا کہ میں نے شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے فیس ادا کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد دُلہن نے ان کے والدین سے رابطہ کرلیا۔
دُلہن کی کزن کا کہنا تھاکہ میری کزن اپنی شادی کے تقریب میں ہونے والے اخراجات کو فیس کے ذریعے واپس حاصل کرنا چاہ رہی تھی، یہ بہت غلط بات ہے اسی لیے میں نے اس کی شادی میں جانے سے انکار کردیا حالانکہ میرے والدین میری انٹری فیس دینے کو تیار تھے لیکن س کے باوجود بھی میں نے انکار ہی کیا۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں یہ روایت چلی آرہی ہے کہ شادی کی تقریب کے موقع پر آنے والے مہمان اپنی خوشی سے دولہا اور دُلہن کو رقم اور تحفے تحائف دیتے ہیں لیکن شادی پر ہونے والے اخراجات کو آنے والے مہمانوں سے رقم مانگ کر پورے کرنا ایک عجیب سا واقعہ ہے۔