20 جنوری ، 2020
ممبئی: ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والی بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کےمطابق گزشتہ روز ممبئی پونے ایکسپریس وے پر ہونے والے ٹریفک حادثے میں شبانہ اعظمی شدید زخمی ہوئیں جو ممبئی کے مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں اور اب انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) منتقل کردیا گیا ہے۔
ٹریفک حادثے میں شبانہ اعظمی کے ساتھ ہی معمولی زخمی ہونے والے ان کے شوہر اور معروف شاعر جاوید اختر نے بتایا کہ شبانہ اعظمی کی حالت خطرے میں نہیں ہے اور ان کے میڈیکل ٹیسٹ بھی بہتر آئے ہیں۔
دوسری جانب اسپتال کے ڈاکٹر کا کہناہےکہ شبانہ اعظمی پہلے سے بہتر اور ڈاکٹرز کی زیر نگرانی ہیں۔
علاوہ ازیں ممبئی پولیس نے حادثے سے متعلق بتایا کہ بظاہر کار کا ڈرائیور دوسری گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کررہا تھا۔