تحریک انصاف کے 20 ارکان پنجاب اسمبلی نے علیحدہ گروپ بنالیا

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 20 ارکان پنجاب اسمبلی نے مسائل حل کرانے کیلئے گروپ بنالیا۔

ارکان اسمبلی نے حلف اٹھایا ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ رہیں گے اور مل کر مطالبات منوائیں گے۔

گروپ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپنے اپنے حلقوں کے لیے فنڈز اورعوامی منصوبوں کا مطالبہ کردیا ہے۔

لیہ سے پنجاب اسمبلی کے رکن سردار شہاب الدین نے بتایا کہ گروپ میں ان کے علاوہ ملک غضنفر چھینہ، تیمور لالی، مامون تارڑ، فیصل فاروق چیمہ، اعجاز خان،گلریز افضل چن ،کرنل غضنفر عباس، خواجہ داؤد بندیشہ، محی الدین کھوسہ اور عامر عنایت شہوانی سمیت دیگر ارکان شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ  گروپ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اپنے حلقوں کے لیے فنڈز کے اجراء اور عوامی منصوبے شروع کرنے کا مطالبہ کیاہے۔

فوٹو: اسکرین گریب

ساتھ ہی ساتھ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اورساتھ رہیں گے،جبکہ تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے ہی آئندہ الیکشن بھی لڑیں گے۔

شہاب الدین نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ان کی ملاقات میں عوامی مسائل کے حل پر بات ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ وفاق اور پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی حکومت قائم ہے۔ وفاق میں پی ٹی آئی کے ساتھ ق لیگ، متحدہ قومی موومنٹ، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس شامل ہیں۔

پنجاب میں پی ٹی آئی کے ساتھ ق لیگ اہم اتحادی ہے تاہم گزشتہ چند دنوں میں اتحادی جماعتوں نے اپنے مسائل حل نہ ہونے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پنجاب میں ق لیگ کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کے اپنے ارکان بھی ترقیاتی فنڈز اور حلقے کے دیگر مسائل حل نہ ہونے پر ناراض ہیں۔

گزشتہ دنوں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی ارکان نے کہا تھا کہ فواد چوہدری نے خود تو کینال منظور کروالی، باقی لوگ ووٹرز کو کیا منہ دکھائيں؟

مزید خبریں :