پاکستان
Time 22 جنوری ، 2020

ملک میں آٹے کا شدید بحران: حکومت نے ن لیگی رہنما کے گھر آٹے کا ٹرک پہنچا دیا

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکریٹری اطلاعات اور رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری کو  آٹا بحران پر تنقید کرنے پر حکومت نے آٹے کا پورا ٹرک ان کے گھر پہنچا دیا۔

ملک بھر میں آٹے کا شدید بحران ہے اور اس بحران پر مسلم لیگ ن سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

محکمہ خوراک پنجاب کے چیئرمین عمر تنویر نے آٹے کے بحران پر تنقید کرنے پر آٹے کا پورا ٹرک ہی ن لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کے گھر پہنچا دیا۔

محکمہ خوراک کے اہلکاروں نے عظمیٰ بخاری کے گھر کی گھنٹی بجاکر کہا میڈم آٹا لے لیں۔

اس حوالے سے عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کے کہنے پر میرے گھر کے باہر تماشا کیا گیا، محکمہ خوراک کے اہلکار  آٹے کے 30، 40 تھیلے گھر کے باہر رکھ کر چلے گئے۔

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل ٹوئٹ—اسکرین گریب

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ دراصل میں نے کل ایک ٹاک شو میں کہا تھا کہ ماڈل ٹاﺅن میں بھی آٹا نہیں مل رہا جس پر پنجاب حکومت کی جانب سے تماشہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر نااہل حکومت کو ہمیں ہی بتانا ہے کہ آٹا کہاں نہیں ہے تو  یہ استعفے دیں اور گھر  جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے کنٹرولر فوڈ کو کہا کہ میرے گھر کے باہر تماشا کیوں کر رہے ہیں جس پر کنٹرولر فوڈ کا اصرار تھا کہ ٹرک آپ کے گھر کے باہر کھڑا رہے گا۔ عظمی بخاری نے جواب دیا کہ ٹرک وہاں لے کر جائیں جہاں آٹا نہیں مل رہا۔

دوسری جانب چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر بٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ عظمیٰ بخاری نے ایک پروگرام میں آٹے کی قلت کی بات کی تھی اور خواہش کا اظہار کیا تھا کہ آٹا ان کے گھر بھجوایا جائے، یہی وجہ ہے کہ آٹے کا ٹرک ان کے گھر بھیجا گیا۔

عمر تنویر بٹ نے عظمیٰ بخاری پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ عظمیٰ بخاری صاحبہ کہیے گا آپ کے گھر آٹے کا ٹرک پہنچ گیا ہے، اب تو آپ کے ہاں آٹے کی کوئی کمی نہیں ہو گی؟ آپ خود بھی آٹا کھائیں اور عزیز و اقارب کو بھی دیں۔

مزید خبریں :