22 جنوری ، 2020
تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ناراض ارکان پنجاب اسمبلی کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملاقات کے لیے بلالیا۔
گزشتہ دنوں تحریکِ انصاف سےتعلق رکھنے والے 20 ارکانِ پنجاب اسمبلی نے پریشر گروپ تشکیل دیا تھا اور وزیراعلیٰ پنجاب سے اپنے اپنے حلقوں کے لیے فنڈز اورعوامی منصوبوں کا مطالبہ کیا تھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اِس گروپ کو 23 جنوری کو ملاقات کے لیے بلالیا ہے جہاں گروپ کے ارکان وزیر اعلیٰ کو اپنے مطالبات اور تحفظات سے آگاہ کریں گے۔
پریشر گروپ کے رکن غضنفر عباس چھینہ کا کہناہےکہ ان سب کی خواہش ہے کہ وزیراعلیٰ بااختیار ہوں، ان کا اعتراض ہے کہ جو کام چیف سیکریٹری کے کہنے پر ہوجاتا ہےوہ ان کی درخواست پرکیوں نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ گروپ میں مزید دوست بھی شامل ہونا چاہتے ہیں، ہم اپنے حلقوں میں ترقیاتی منصوبے اور پیکیج چاہتے ہیں، عوام کے مسائل اور ایوان کی بالادستی کے لیے آواز بلند کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے پریشر گروپ نے اپنے معاملات میں بہتری کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو فروری تک کا وقت دے رکھا ہے۔
اس گروپ میں سردار شہاب الدین، ملک غضنفر چھینہ، تیمور لالی، مامون تارڑ، فیصل فاروق چیمہ، اعجاز خان،گلریز افضل چن ،کرنل غضنفر عباس، خواجہ داؤد بندیشہ، محی الدین کھوسہ اور عامر عنایت شہوانی سمیت دیگر ارکان شامل ہیں۔