22 جنوری ، 2020
کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت سے متعلق رپورٹ سامنے آگئی۔
سابق صدر آصف علی زرداری گذشتہ ماہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت پر رہائی کے بعد سے کراچی کے علاقے کلفٹن کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
جیو نیوز کو حاصل ہونے والی رپورٹ نجی اسپتال کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر انوپ کمار نے جاری کی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 64 سالہ آصف علی زرداری کو 14 دسمبر کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جب کہ 26 دسمبر کو ان کا تھیلیم اسکین اور ایکو کارڈیو گرافی کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مختلف امراض کی وجہ سے آصف علی زرداری کی صحت میں بہتری کا عمل انتہائی سست ہے اور اب تک ان کی شوگر کا لیول بھی قابو میں نہیں۔
آصف علی زرداری کو سینے میں بائیں جانب تکلیف کی بھی شکایت ہے، ڈاکٹرز نے سابق صدر کو میگنیٹک ریزوننس امیجنگ (ایم آئی آر) ٹیسٹ بھی تجویز کیا ہے۔
ڈاکٹروں نے آصف زرداری کو طبیعت کی بہتری تک سفر نہ کرنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔
یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید تھے، انہیں 11 جون 2019 کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت مسترد کیے جانے کے بعد نیب کی ٹیم نے گرفتار کیا تھا۔
23 اکتوبر کو طبیعت ناساز ہونے پر انہیں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسلام آباد منتقل کیا گیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق صدر کی طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی جس پر 11 دسمبر کو عدالت نے آصف زرداری کی ضمانت ایک کروڑ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی تھی۔
ضمانت منظور ہونے کے بعد آصف زرداری کو 13 دسمبر کو خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی منتقل کیا گیا تھا جس کے بعد وہ 14 دسمبر سے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔