23 جنوری ، 2020
پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں فوکس ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن کو برقرار رکھنے پر ہو گا۔
پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ ہفتے اور تیسرا پیر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان ٹیم کو ورلڈ رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے سیریز میں کلین سوئپ درکار ہے، ایک میچ میں بھی شکست سے قومی ٹیم پہلی پوزیشن کھو دے گی۔
قومی ٹیم کے کپتان کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش ٹیم کو پاکستان میں ویلکم کرتے ہیں، بنگلا دیش ایک اچھی ٹیم ہے جس میں سینئر اور جونئیر کھلاڑی شامل ہیں، کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ سیریز میں اچھا کھیلنا ہو گا، یہ چیز ذہن میں ہے کہ پہلی پوزیشن کو برقرار رکھنا ہے اور سیریز میں فوکس اسی پر ہو گا۔
بابر اعظم نے کہا کہ یہ پریشر نہیں کہ یہاں سری لنکا کے خلاف اچھا نہیں کھیلے تھے، وہ سیریز گزر گئی اب اس سیریز پر توجہ ہے، اپنی پوری قوت کے ساتھ کھیلیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ موسم کی وجہ سے وکٹ سلو ہو سکتی ہے لہذا اسی کے مطابق کمبی نیشن بنائیں گے، لگتا ہے دھوپ نکلنے سے فائدہ ہو گا، اس وکٹ پر 180سے 190 کے درمیان رنز بننے چاہئیں۔
بابر اعظم نے کہاکہ محمد حفیظ اور شعیب ملک اس وقت ٹیم کا حصہ تھے جب پاکستان ٹیم نمبر ون بنی تو میں نے سوچا ان کو دوبارہ ٹیم میں ہونا چاہئیے، شاہین شاہ آفریدی اچھی بالنگ کر رہے ہیں جب کہ حارث رؤف بھی بی بی ایل میں اچھی بالنگ کر کے آئے ہیں، امید تو ہے کہ احسان علی اور حارث روف ڈبیو کریں گے لیکن ٹیم کے حوالے سے ایک بار پھر بیٹھیں گے۔
بنگلا دیش کے وکٹ کیپر بلے باز کو مشورہ دیتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ مشفیق الرحیم کے لیے پیغام ہے کہ اگر یہ کھلاڑی آئے ہیں تو انہیں بھی آنا چاہیے تھا لیکن نہ آنے کا فیصلہ ان کا ذاتی ہے۔
خیال رہے کہ بابر اعظم پاکستان میں پہلی مرتبہ قومی ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔