پاکستان
Time 25 جنوری ، 2020

ملتان میں رہائش پذیر چینی باشندہ کورونا وائرس کے شبے میں اسپتال منتقل

ملتان: کرونا وائرس کے شبے میں چینی باشندے کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

جیونیوز کے مطابق 40 سال کا چینی باشندہ چند روز قبل چین سے واپس لوٹا تھا اور وہ انڈسٹریل اسٹیٹ کیمپ میں رہائش پذیر تھا۔

ذرائع کے مطابق چینی باشندے کو بخار کی شکایت پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس میں کورونا وائرس کا شبہ ظاہر کرکے آئسولیشن وارڈ بھیج دیا۔

اسپتال ذرائع کا کہناہےکہ چینی باشندے میں کورونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں جس پر اس کے خون کے نمونے لیبارٹری بھجوادیےگئے ہیں اور جب تک خون کے نمونوں کی تشخیص نہیں ہوجاتی تب تک کچھ ہونا قبل از وقت ہے۔

واضح رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے مہلک کورونا وائرس سے اب تک 40 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ وائرس سے ایک ہزار کےقریب افراد متاثر ہیں۔

چینی حکومت نے وائرس کو روکنے کے لیے ملک کے 10 شہروں کو سیل کردیا ہے جب کہ وائرس کے امریکا اور ہانگ کانگ پہنچنے کی بھی تصدیق ہوگئی ہے۔

 پاکستان میں انتظامیہ نے وائرس کو روکنے کے لیے ائیرپورٹس پر اسکریننگ کا عمل شروع کررکھا ہے۔

مزید خبریں :