پاکستان
Time 25 جنوری ، 2020

وزیراعلیٰ پنجاب کی جہانگیر ترین سمیت پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر خان ترین، وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید اور پارٹی کے دیگر عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔ 

گزشتہ کئی دنوں سے پنجاب میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی خبریں زیر گردش ہیں جبکہ تحریک انصاف میں بھی پریشر گروپ بن چکا ہے اور ساتھ ہی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) بھی ناراض ہے۔ 

ایسے میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تحریک انصاف کے سینیئر رہنما جہانگیر خان ترین سے ملاقات کی جس میں سیاسی امور اور عمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف متحد ہے، افواہیں پھیلانے والے پہلے بھی ناکام رہے اور اب بھی ناکام رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوئی فارورڈ بلاک ہے، نہ پریشر گروپ، اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور پنجاب حکومت کے تمام اسٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر ہیں، اختلاف کا پراپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہوں گے اور ڈیڑھ برس میں وہ کام کیے جو ماضی کی حکومتیں برسوں میں نہ کرسکیں۔

اس موقع پر جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت سب کو ساتھ لے کر چل رہی ہے، ہمارا مقصد نیک اور درست ہے، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے لہٰذا مل کر عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سازشیں کرنے والے پیچھے رہ جائیں گے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا۔

عثمان بزدار کی شیخ رشید سے ملاقات

— فوٹو: شیخ رشید فیس بک آفیشل 

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی بھی ملاقات ہوئی۔ 

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، فلاح عامہ کے منصوبوں، راولپنڈی کے ترقیاتی منصوبوں اورسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں ہر علاقے کو یکساں ترقی دے رہے ہیں، ماضی کی طرح مخصوص شہروں کے لیے وسائل مختص نہیں کیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے وکلاء کے وفد کی ملاقات

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے انصاف لائرز فورم کے وفد نے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے وکلاء برادری کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ 

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہر طبقے کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں، میں خود وکیل ہوں اور وکلاء کے مسائل کا ادراک ہے۔

انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو انصاف مہیا کرنے کے لیے وکلاء برادری کا کلیدی کردار ہے، وکلاء برادری کو صحت انصاف کارڈ بھی دیں گے، لاہور بار کے اسپتال کے لیے فنڈز دیئے جائیں گے۔

یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے 20 ارکان نے پریشر گروپ بنارکھا ہے اور اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے اگلے ماہ تک کا وقت دیا ہے۔

مزید خبریں :