پاکستان
Time 25 جنوری ، 2020

قوم آئی ایم ایف کے 6 ارب ڈالر کی قیمت چکا رہی ہے، شیخ رشید

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ منہگائی ہے، بالکل ہے، قوم عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے 6 ارب ڈالر کی قیمت چکا رہی ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں آٹے کا بحران آیا ہے، حکومت آٹے کے معاملے کو ڈیل نہیں کر سکی، میں نے آٹے کی ایکسپورٹ کیخلاف کابینہ اور اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) میں آواز اٹھائی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ کسی نے آٹے کے بحران سے پیسہ اور کمیشن بنایا ہے، غلطی کوتاہی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی کی ایکس مِل قیمت 78روپے ہوگئی ہے، چینی بحران سے شوگر مل مالکان نے فائدہ اٹھایا ہے، پنجاب میں افواہوں کا بازار گرم ہے مگر عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ کوئی ڈیل نہیں ہورہی ، 2020 الیکشن کا سال نہیں، شریف اپوزیشن لیٹی ہوئی ہے، شہباز شریف نے باہر جا کر کیا کر لیا ؟ بس چار پانچ ہیٹ ہی نئے خریدے ہیں۔ شہباز شریف کو جب بلائیں گے تب وہ آئیں گے، فی الحال وہیں سے کام ٹھیک چل رہا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کو کہا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹی بااختیار ہونی چاہیے، چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے راستے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید خبریں :