29 جنوری ، 2020
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) سندھ کلیم امام کو سیکریٹری نارکوٹکس ڈویژن تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے طلب کرنے پر آئی جی سندھ کلیم امام اسلام آباد پہنچے جہاں اُن کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی، اس دوران آئی جی سندھ نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور اہم امور پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ کا کہنا تھاکہ میں نے اپنا کام نیک نیتی سے کیا اور میرا ٹریک ریکارڈ سب کے سامنے ہے۔
کلیم امام نے مزید کہا کہ میں نے کبھی ذاتیات کو میرٹ پر ترجیح نہیں دی، حکومت پاکستان کا ملازم ہوں، پاکستان کے آئین کے مطابق کام کرنے کا پابند ہوں، اس لیے حکومت مجھے جہاں تعینات کرے، مجھے کوئی اعتراض نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور آئی جی سندھ کے درمیان ملاقات خوشگوار رہی اور وزیراعظم نے کلیم امام کو وفاق میں اہم ذمہ داریاں دینے کا عندیہ دیا۔
ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ کلیم امام کو سیکریٹری نارکوٹکس ڈویژن تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سندھ کابینہ نے 15 جنوری کو آئی جی کلیم امام کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد وفاق کی جانب سے آئی جی کا تبادلہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط کیا گیا تھا تاہم کابینہ نے آئی جی سندھ کی تعیناتی کا معاملہ وزیراعلیٰ اور گورنر کے سپرد کردیا۔
کابینہ کے فیصلے کے بعد سندھ حکومت نے وفاق کو یہ پیغام دیا ہےکہ نئے آئی جی کے لیے مزید نام نہیں دیے جائیں گے اور حکومت کے تجویز کردہ ناموں میں سے ہی کسی افسر کو آئی جی تعینات کیا جائے۔