پاکستان
Time 31 جنوری ، 2020

وزیراعظم نے مستحق خواتین کیلئے ’احساس کفالت‘ پروگرام کا آغاز کردیا

وزیراعظم عمران خان نے ’احساس کفالت پروگرام‘ کا افتتاح کرتے ہوئے مستحق خواتین میں ’احساس کفالت کارڈ‘ تقسیم کیے۔

کفالت کارڈ سے 70 لاکھ غریب اور مستحق خواتین کو 2 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے لیے 200 ارب روپے رکھے تھے، یہ رقم مستحق لوگوں کوپہنچانا چاہتے تھے، مزدورطبقے کی مدد کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستحق خواتین کا بینک اکاؤنٹ کھولیں گے اور ساتھ ہی یوٹیلیٹی اسٹور سے بھی راشن دیں گے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ 2 ہفتے میں احساس کا اگلا پروگرام آئے گا، غریب طبقے کےلیے گائے، بھینسیں اور اس قسم کی دوسری چیزیں دیں گے، غریبوں کو مرغیاں اور انڈے بھی دیں گے، اس کے ساتھ ساتھ غریب طلبہ کو اسکالر شپ بھی دیں گے، اس کا مقصد پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے۔ 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو ملک نچلے طبقے کو اٹھاتا ہے وہ ملک آگے بڑھتا ہے، جس کی بڑی مثال چین ہے جہاں لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکالا گیا، اس ملک کے راستے کو ہم بدلیں گے اور نچلے طبقے کی ذمہ داری لیں گے۔ 

 انہوں نے کہا کہ 70 لاکھ خواتین کو کفالت کارڈ دیں گے، اب تک 60 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دے چکے ہیں جس میں 7 لاکھ روپے سے زائد کا علاج کہیں سے بھی کراسکتے ہیں، یہ ہماری حکومت کا اب تک سب سے بڑا کارنامہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے لیے ہنر مند پروگرام نکالا ہے جس میں 5 لاکھ افراد کو ہنر سکھائیں گے، نوجوانوں کو قرضے دیں گے اور میرٹ پر بزنس کا فیصلہ کریں گے، یہ چھوٹی انڈسٹری کو اٹھانے کا پروگرام ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان ’احساس پروگرام‘ کو موجودہ حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ قرار دے چکے ہیں اور اس کے تحت کئی فلاحی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :