ایپل نے سام سنگ سے زیادہ اسمارٹ فون کی فروخت کا تاج چھین لیا

فوٹو: فائل

موبائل فون بنانے والی امریکن کمپنی ایپل نے سب سے زیادہ اسمارٹ فون کی فروخت میں کورین کمپنی سام سنگ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

انٹرنیشنل کارپوریشن ڈیٹا کی رپورٹ کے مطابق ایپل کے فورتھ کوارٹر کے دوران تقریباً 7 کروڑ 38 لاکھ آئی فونز فروخت ہوئے۔

زیادہ فروخت ہونے والے اسمارٹ فونز میں ایپل کا حال ہی میں مقبولیت حاصل کرنے والا نیا آئی فون 11 شامل ہے جس کی فرخت سب سے زیادہ امریکا اور یورپ میں ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ایپل کے مختلف فونز فروخت ہوئے۔

اسٹریٹجی اینالسٹ نائل ماؤسٹن نے ایک سروے کیا جس سے معلوم ہوا کہ ایپل کے موبائل فروخت ہونے کی سب سے بڑی وجہ iPhone11 کی کم قیمت ہے جس کی سب سے زیادہ مانگ ایشیاء اور امریکا میں ہے۔

مارکیٹ ٹریکرز کے مطابق سب سے زیادہ اسمارٹ فون فروخت کرنے والی کمپنی سام سنگ کی فروخت پچھلے سال 6 کروڑ 94 لاکھ رہی جب کہ چین کی مشہور اسمارٹ فون کمپنی ہواوے کی فروخت 5 کروڑ 62 لاکھ رہی۔

ہواوے کے لیے معاملات مستقل طور پر مشکل ہوتے جا رہے ہیں، پہلے امریکا کی جانب سے پابندیوں کے باعث ہواوے کو نقصان اٹھانا پڑا اور اب چین میں پھیلنے والے پُراثرار کورونا وائرس نے ہواوے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

سام سنگ پچھلے پورے سال تک اسمارٹ فون کی فروخت میں سب سے اُوپر رہا اور مارکیٹ یہ اُمید کر رہی تھی کہ 5G ٹیلی کام نیٹ ورک سام سنگ کے نئے آنے والے اسمارٹ فونز کو مزید مستحکم کرے گا مگر فورتھ کوارٹر میں سام سنگ کی فروخت میں مستقل کمی کے باعث ایپل سب سے زیادہ اسمارٹ فون فروخت کرنے والی کمپنی بن گئی۔

مزید خبریں :