01 فروری ، 2020
فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبرزیدی پھر رخصت پر چلے گئے۔
شبر زیدی کی جگہ نوشین امجد جاوید کو چیئرمین ایف بی آرکا اضافی چارج دے دیا گیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے البتہ نوٹیفکیشن میں شبر زیدی کی چھٹی کا دورانیہ نہیں بتایا گیا۔
ایف بی آر کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی رخصت پر چلے گئے ہیں جن کی غیر موجودگی میں ایف بی آر کی ممبر ایڈمن نوشین جاوید امجد چیئرمین ایف بی آر کا اضافی چارج سنبھالیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شبر زیدی کی رخصت کا اطلاق 31 جنوری 2020 سے ہوگا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر ایک بار پھر طبیعت ناساز ہونے کے باعث رخصت پر گئے ہیں۔
اس سے پہلے شبر زیدی 6 سے 19 جنوری کے دوران طبیعت کی ناسازی کے باعث رخصت پر تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شبر زیدی نے کراچی جانے سے پہلے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کو آگاہ کیا تھا، خراب صحت اور دباؤ کے باعث مستقبل قریب میں شبر زیدی کے کام جاری رکھنے کے امکانات کم ہیں۔