02 فروری ، 2020
لاہور ائیر پورٹ پر چین کے ایک شہری کی حالت اچانک خراب ہو گئی جس کے بعد اسے فوری طور پر سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔
ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق ڈیمنگ یاؤ نامی چینی مسافر پی آئی اے کی پرواز 313 کے ذریعے صبح 9 بجے کراچی سے لاہور پہنچا تھا اور لاؤنج میں بیٹھا تھا کہ اس دوران اچانک اس کی ناک سے خون نکلنا شروع ہو گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیر پورٹ پر سول ایوی ایشن کے ڈاکٹرز نے چینی مسافر کا معائنہ کیا، چینی مسافر کا بلڈ پریشر نارمل تھا اور اسے بخار بھی نہیں تھا تاہم ابتدائی طبی معائنے کے بعد چینی مسافر کو سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ چینی مسافر چین کے شہر ارمچی جانا چاہتا تھا جب کہ ان دنوں ارمچی کی پروازیں منسوخ ہیں۔