ایف بی آر میں جعلی ٹیکس دہندگان رجسٹرڈ کیے جانے کا انکشاف

فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) میں جعلی افراد کو ٹیکس دہندگان کی فہرست میں شامل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

وفاقی ٹیکس محتسب کے مطابق ایف بی آر کے عملے کی ملی بھگت سے جعلی افراد کو ٹیکس دہنددگان کی فہرست میں شامل کیا گیا لیکن سوائے بلیک لسٹنگ کے ایف بی آر کی جانب سے جعلی افراد کے خلاف کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی۔

ایف ٹی او کا کہنا ہے کہ اکثر کیسوں میں ریڈ الرٹ جاری ہونے کے باوجود بلیک لسٹنگ اور معطلی 5 سے 6 ماہ بعد کی گئی، ایف بی آر نے جعلی افراد اور سہولت کاروں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی تجویز نہیں کی۔

وفاقی ٹیکس محتسب کے مطابق 41 کروڑ روپے کی ریکوری اور جعلی رجسٹرڈ افراد کے خلاف کارروائی کا حکم 4 سال پہلے جاری ہوا لیکن ایف ٹی او کے ازخود نوٹس کے باوجود ایف بی آر کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔

ادارے کے حکام کے مطابق جعلی رجسٹریشن میں ملوث عملے کے خلاف ڈائریکٹوریٹ جنرل آئی اینڈ آئی نے کیس نہیں کھولے اور نہ ہی ایف بی آر معاملے کی نوعیت کو سنجیدگی سے لے رہا ہے۔

ایف ٹی او کا کہنا ہے کہ چیف کمشنرز جعلی ٹیکس ریفنڈ پر انضباطی اور فوجداری کارروائی کا آغاز کریں۔

وفاقی ٹیکس محتسب نے ایف بی آر کو جعلی ٹیکس ریفنڈ کیسوں میں ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے ایس ٹی آر این معطلی کے علاوہ کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔

مزید خبریں :