Time 03 فروری ، 2020
پاکستان

شفقت محمود کی چوہدری برادران سے ملاقات، وزیراعظم کا خصوصی پیغام پہنچایا

وفاقی وزیر برائے تعلیم و تربیت شفقت محمود  نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر  پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی۔

چوہدری برادران سے شفقت محمود کی ملاقات لاہور میں ہوئی جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال اور حکومتی اتحاد سے متعلق بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں چوہدری برادران کو وزیراعظم عمران خان کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا گیا۔ 

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) حکومت سے ناراض ہے اور گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اتحادیوں سے مذاکرات کے لیے بنائی گئی کمیٹی پر بھی تحفظات کا اظہار کرچکی ہے۔ 

ق لیگ کے خدشات بہت حد تک حل ہوگئے ہیں: وفاقی وزیر

چوہدری برادران سے ملاقات  کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اختلافات نہیں ہیں بلکہ ملاقات خوشگوارماحول میں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کے جتنے بھی معاملات تھے ان پر تفصیلی گفتگو ہوئی، نئی کمیٹی بننے کا مقصد یہ نہیں کہ جو پرانے معاہدے ہوئے تھے، ان پر دوبارہ بات ہو، ہمارا اور چوہدری برادران کا مضبوط ساتھ ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جو معاہدے ہوچکے ہیں، اسی پر عمل درآمد کیا جائے گا اور اتحادی جماعت کے خدشات بہت حد تک حل ہوگئے ہیں، جو بات پہلے طے ہوچکی ہے، اسی کو لےکر آگے چلیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز  چوہدری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو اتحادیوں سے نہیں اپنے لوگوں سے ہی خطرہ ہے۔

مسلم لیگ (ق) تحریک انصاف کی اتحادی جماعت ہے جو مرکز اور پنجاب میں حکومتوں میں شامل ہیں۔

گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ق) نے وعدے پورے نہ ہونے پر حکومت سے ناراضی کا اظہار کیا تھا جس کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی تھی جس میں ق لیگ نے حکومت کو ایک ہفتے کی مہلت دی تھی۔

مزید خبریں :