04 فروری ، 2020
چین سے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے جہاں سے مزید 36 مسافر کراچی پہنچے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چین کی دوسری ائیرلائن نے بھی پاکستان کے لیے پروازیں شروع کردی ہیں جس کے بعد ائیر چائنا کی پرواز سی اے 945 رات ساڑھے 10 بجے کراچی ائیرپورٹ پہنچی۔
ذرائع نے بتایا کہ چائنا ائیر کی پرواز چین کے شہر بیجنگ سے کراچی پہنچی جس میں کراچی کے 36 مسافر سوار تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ پر مسافروں کی کورونا وائرس سے متعلق جانچ کے بعد انہیں گھروں کو جانے کی اجازت دے دی گئی۔
یاد رہے کہ 2 فروری کو چین سے معطل ہونے والا فضائی آپریشن گزشتہ روز بحال ہوا ہے، پاکستان نے چین کے لیے 29 جنوری کو عارضی طور پر فضائی آپریشن معطل کیا تھا، فضائی آپریشن کورونا وائرس کے باعث ہی معطل کیا گیا تھا۔
چین کی سدرن چائنا کی پرواز میں 150 سے زائد مسافر اسلام آباد پہنچے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے پی آئی اے چین کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن 6 فروری سے بحال کرے گی۔