Time 05 فروری ، 2020
پاکستان

پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا، جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے  عوام کو حق خود ارادیت اور بھارتی مظالم کے خاتمے کے لیے آواز اٹھانا ہے۔

بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے دن پوری پاکستانی قوم نے اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے لیے ہم آواز ہوکر واضح پیغام دیاکہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

پاکستانی قوم کی جانب سے   دنیا کو  یہ باور کرایا گیا کہ خطے کا امن کشمیریوں کی حق خود ارادیت سے وابستہ ہے۔

یوم کشمیر کے موقع پر قابض بھارتی فوج اور بھارتی مظالم کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور ساتھ ہی قابض بھارتی فورسز کے جبر کے خلاف سینہ سپر کشمیری ماؤں، بہنوں اور بھائیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مختلف شہروں میں تقاریب منعقد کی گئیں ، ملک بھر میں آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا جب کہ اسکولوں میں اس حوالے سے تقریری مقابلے اور مباحثے بھی منعقد کیے گئے۔

یوم یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب مظفر آباد میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے پُلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر سائرن بجاکر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، اس کے علاوہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے متعدد مقامات پر دستخطی کیمپ بھی لگائے گئے ۔

یوم یکجہتی کشمیر پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آزاد کشمیرکی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کیا جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری لاک ڈاؤن اور بھارتی مظالم پر گفتگو کی۔

یوم یکجہتی کشمیر پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے بھارت کو پیغام دیا ہے کہ وہ اپنے شیطانی مقاصد سے باز  آ جائے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات سے اقوام متحدہ کی قراردادیں پرانی نہیں ہو گئیں، دنیا میں تمام انصاف پسند لوگ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی پشت پر ہیں، کامل یقین ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔

مزید خبریں :