پاکستان
Time 05 فروری ، 2020

بھارت کو کشمیریوں کی شناخت مٹانے پر بدترین ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا: شاہ محمود

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی—فیس بک فوٹو 

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یوم یکجہتی کشمیر  پر  پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی شناخت مٹانے کی کوشش کی لیکن اسے بدترین ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست کے غیرقانونی اقدامات اقوام متحدہ قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں اور اس سے بھارت نے خود اپنےدستورکی پامالی کا بھی ارتکاب کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے کشمیروں کی شناخت مٹانے کی کوشش کی تھی، بھارت کا خیال تھا کہ وہ کشمیریوں کو سمجھوتہ کرنے پر مجبور کر دے گا مگر بھارت کو دونوں مقاصد میں بدترین ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی حمایت میں دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں، اقوام متحدہ اور دنیا کے بڑے ممالک نے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا اور عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم و ستم ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ سلامتی کونسل نے 6 ماہ میں 3 مرتبہ جموں وکشمیر کے مسئلے پر غور کیا مگر عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت میں کچھ بڑھ کر کرنےکی ضرورت ہے کیونکہ لاک ڈاون کلاک پر ایک ایک لمحہ عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر بوجھ ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے کشمیریوں کی بنیادی آزادی اور ان کی حمایت میں ٹھوس کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے ’فیکٹ فائنڈنگ مشن‘ کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دی جائے تاکہ اس سے مقبوضہ کشمیر میں سنگین پامالیوں کے حقائق کی چھان بین ہو سکے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو مقبوضہ کشمیر جانےکی اجازت دے، اگر بھارت کچھ چھپانا نہیں چاہتا تو عالمی میڈیا کو بھی  مقبوضہ کشمیر جانےکی اجازت دے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بہادرکشمیری عوام کے حق کے حصول تک سیاسی، سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ 

مزید خبریں :