06 فروری ، 2020
چین میں پھیلے کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے مہمانوں نے چینی جوڑے کی شادی میں شرکت سے انکار کردیا جس پر دولہا دُلہن نے مہمانوں کو ہال میں بلا کر خود براہ راست ویڈیو کے ذریعے اپنی شادی میں شرکت کی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سنگاپور کا رہائشی چینی جوڑا شادی سے چند روز قبل ہی چین کا دورہ کرکے واپس آیا جس کے بعد دولہا دُلہن نے مہمانوں کو شادی میں شرکت کی دعوت دی تو مہمانوں نے ان کے چین کے دورے کے باعث ان میں کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے تقریب میں شرکت سے انکار کردیا۔
مہمانوں کے انکار پر دولہا دُلہن نے شادی کی تقریب منسوخ کرنے کی بجائے ایک انوکھا حل نکالا اور براہِ راست ویڈیو کے ذریعے اپنی شادی میں شرکت کی۔
شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے تمام مہمان شادی ہال پہنچے جہاں دولہا دُلہن نے مہمانوں سے دور رہنے کے لیے خود کو ویڈیو کال پر رکھا اور شادی ہال میں اپنی حاضری ویڈیو کال کے ذریعے یقینی بنائی، اس دوران دولہا دُلہن نے شادی کے لباس بھی زیب تن کیے اور ہال میں موجود مہمانوں سے ویڈیو کال کے ذریعے ہی مبارکبادیں وصول کرتے رہے۔
نشریاتی ادارے کے مطابق دولہا دُلہن کا تعلق چینی صوبے ہونان سے ہے جس کی سرحد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر چینی صوبے ہوبئی سے ملتی ہے۔
دولہا دُلہن حال ہی میں نئے سال کا آغاز ہونان میں اپنی فیملی کے ساتھ کرکے سنگاپور واپس لوٹے تھے۔
دولہا کا کہنا تھا کہ جب مہمانوں نے کورونا کے خوف کی وجہ سے تقریب میں شرکت سے انکار کیا تو انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا جس سے تمام مہمان حیرت زدہ ہوگئے لیکن پھر سب لوگوں نے خوشی خوشی تقریب میں شرکت کی۔
واضح رہےکہ چین کے بعد کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سنگاپور میں سامنے آئے ہیں جن کی تعداد 28 ہے۔