Time 06 فروری ، 2020
دنیا

چین: پیدائشی بچے میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص

فوٹو: فائل

چین میں ایک نومولود بچے میں پیدائش کے 30 گھنٹوں بعد کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ بچہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا اب تک کا سب سے کم عمر مریض ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق بچہ کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ متاثرہ شہر ووہان کے ایک مقامی اسپتال میں دو فروری کو پیدا ہوا۔

سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ بچے کی پیدائش سے قبل والدہ کے تمام ضروری ٹیسٹ کیے گئے تھے جو مثبت آئے تھے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ بچے میں یہ بیماری کیسے منتقل ہوئی۔

سرکاری میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کے ساتھ پیدا ہونے والے بچے کا وزن سوا 3 کلو ہے اور اس کی حالت اب ٹھیک ہے تاہم اسے ڈاکٹرز کی زیز نگرانی رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پراسرار کورونا وائرس کے باعث چین میں اب تک 563 افراد ہلاک اور 28 ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ چین کے صوبے ووہان میں کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے 1000 بستروں کا ایک اسپتال صرف دس روز میں مکمل کر کے مریضوں کے لیے کھولا گیا ہے جب کہ چینی حکومت کی جانب سے دیگر اسپتالوں کی تعمیر بھی جاری ہے۔

مزید خبریں :