Time 06 فروری ، 2020
دنیا

چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافہ، تعداد 563 ہو گئی

چین میں کورونا وائرس سے مزید 73 افراد ہلاک ہو گئے جو گزشتہ ماہ سے پھیلنے والے پراسرار وائرس کے باعث ایک روز میں ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے جب کہ حکومت کی جانب سے وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے نئے اسپتال بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 73 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جس میں سے زیادہ تر ہلاکتیں ہوبئی صوبے میں ہوئی ہیں جب کہ تین افراد تیانگ جنگ، ہی لونگ جیانگ اور گوئز ہو میں ہلاک ہوئے۔ چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 563 ہو گئی ہے۔

چین سے ہابر ہانگ کانگ اور فلپائن میں کورونا وائرس کے باعث 2 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 25 ممالک میں کورونا وائرس پائے جانے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈ ہینم گبریسس کا کہنا ہے کہ وائرس کی روک تھام کے لیے 67 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی رقم درکار ہے۔

فوٹو: اے ایف پی

انہوں نے مزید کہا کہ یہ رقم بہت ہے لیکن اگر ہم نے کورونا کی روک تھام کے لیے تیاریاں نہ کیں تو یہ رقم بہت کم ثابت ہو گی۔

ڈی جی ڈبلیو ایچ او نے بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ افراد کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

مزید خبریں :