07 فروری ، 2020
کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ سرکاری تحویل سے فرار ہوگئے ہیں۔
کالعدم ٹی ٹی پی کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کی جانب سے سرکاری تحویل سے فرار ہونے سے متعلق سوشل میڈیا پر دیے گئے آڈیو پیغام کے معاملے پر حکومتی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ احسان اللہ احسان نے ایک معاہدے کے تحت خود کو رضا کارانہ طور پر سرنڈر کیا تھا۔
سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ایک آڈیو پیغام میں کالعدم تحریک طالبان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان نے دعویٰ کیا کہ اب وہ سرکاری تحویل میں نہیں ہے اور فرار ہو گیا ہے۔
حکومتی ذرائع نے اس معاملے پر واضح کیا کہ احسان اللہ احسان نے 5 فروری 2017 کو خود رضاکارانہ طور پر سرینڈر کیا تھا، سرنڈر کرنے کے بعد ان سے متعلق کوئی معلوماتی بیان سامنے نہیں آیا تھا۔
سرینڈر کے بعد ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کئی اعتراف بھی کیے تھے۔
احسان اللہ احسان سرنڈر کرنے سے قبل پاکستان میں بڑے پیمانے پر دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کے دعوے کر چکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق احسان اللہ احسان کے انکشافات کی روشنی میں دہشت گردوں کے خلاف کئی کامیاب آپریشن کیے گئے تھے۔