07 فروری ، 2020
چین سے پھیلنے والے مہلک کورونا وائرس کو روکنے کے لیے وفاقی حکومت نے ملک میں جانوروں اور پرندوں کی درآمد پر پابندی عائد کردی۔
پابندی کا یہ حکم وفاقی وزارت تجارت کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جانوروں اور پرندوں کی درآمد فوری طور پر تاحکم ثانی بند کی جارہی ہے۔
حکم نامے کے مطابق جانوروں اور پرندوں کی درآمد سے ملک میں کورونا وائرس پھیل سکتا ہے، ایسی صورت میں کورونا وائرس کو ملک میں پھیلنے سے روکنے کی کوششوں کو نقصان ہوگا۔
ڈی جی اینیمل کوارنٹائن ڈپارٹمنٹ کو بھی کہا گیا ہے کہ پابندی کے حکم پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔
وزارت کی جانب سے پابندی کا حکم نامہ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو بھی بھیجا گیا ہے۔
خیال رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے اب تک 636 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد اس سے متاثر ہیں، یہ مہلک وائرس دنیا کے 20 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔
چین میں پھیلنے والے کورونا وائرس کی وجہ سے متعدد ایشیائی تجارتی کانفرنسز کو منسوخ کر دیا گیا ہے جن کے لیے اربوں ڈالرز کے معاہدے بھی ہو چکے تھے۔
رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے چین میں مختلف ممالک کی پروازیں بند ہونے کے بعد مختلف تقریبات منسوخ ہو چکی ہیں جن میں کاروباری اور تجارتی معاملات کی اہم کانفرنسز اور میلے بھی شامل ہیں۔
ماہرین نے کورونا وائرس سے متعلق کہا ہے کہ یہ وائرس سامان اور دیگر اشیاء کے ذریعے پھیلنے کا امکان ہے۔