Time 06 فروری ، 2020
دنیا

سعودی عرب کا چین کا سفر کرنے والوں کیلئے سزا اور جرمانے کا اعلان

سعودی عرب نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اپنے شہریوں پر چین کی سفری پابندی عائد کردی اور ساتھ ہی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے کا اعلان کردیا— فوٹو: فائل

سعودی عرب نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اپنے شہریوں پر چین کی سفری پابندی عائد کردی اور ساتھ ہی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے کا اعلان کردیا۔

فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق چین میں پھیلنے والے جان لیوا کورونا وائرس کے پیشِ نظر سودی عرب نے اپنے شہریوں اور مملکت میں موجودغیر ملکی شہریوں پر چین کا سفر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے اور ساتھ ہی اس بات کا اعلان کیا ہے کہ جو بھی اس فیصلے کی خلاف ورزی کرے گا اس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

اس وائرس سے اپنے ملک کو بچانے کے لیے سعودی حکومت نے چین کے سفر پر پابندی لگائی ہے۔

سعودی حکام کا مزید کہنا تھا کہ مملکت میں موجود وہ تارکین وطن جو پابندی کی خلاف ورزی کریں گے انہیں واپس آنے نہیں دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس سے اب تک 563 افراد کی ہلاکت ہوچکی ہے جبکہ اس سے متاثرین کی تعداد 28000 سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔

چینی حکام کی جانب سے اس وائرس کے روک تھام کے لیے سر توڑ کوششیں کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے لاکھوں لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

اب تک 24 ممالک نے مریضوں میں نظامِ تنفس کے مسائل کے وائرس کی تصدیق کردی ہے جو چین کے شہر ووہان کی آبی حیات کی مارکیٹ سے گزشتہ سال کے آخر میں پھیلنا شروع ہواتھا۔

سعودی عرب میں اب تک کسی شہری میں اس وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے اگرچہ ہمسایہ ملک متحدہ عرب امارات میں اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کے چار کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جو تمام چینی باشندے ہیں اور ان کا تعلق شہر ’ووہان‘ سے ہے۔

علاوہ ازیں خلیجی ممالک میں بحرین، کویت، اور سلطنت عمان نے بھی اپنے شہریوں کو چین کا سفر کرنے سے منع کیا ہے لیکن ان پر کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں :