Time 08 فروری ، 2020
کھیل

پنڈی ٹیسٹ : شان اور بابر کی سنچریاں، پاکستان کو بنگلادیش پر 109 رنز کی برتری

راولپنڈی ٹیسٹ میں شان مسعود اور بابر اعظم کی شاندار سنچریوں کی بدولت پاکستان نے بنگلادیش کیخلاف 109 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستانی بیٹسمینوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

دوسرے روز پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز شان مسعود اور عابد علی نے کیا لیکن عابد علی دوسرے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

عابد علی کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد شان مسعود اور اظہر علی کے درمیان 91 رنز کی شراکت ہوئی لیکن اظہر علی کھانے سے وقفے سے کچھ پہلے 34 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

کھانے کے وقفے کے بعد شان مسعود نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ تیجل اسلام کی بال پر آؤٹ ہوگئے،100 رنز بنائے۔

دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں پر 342 رنز بنالیے، بابر اعظم 143 اور اسد شفیق 60 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں— فوٹو: پی سی بی

اس کے بعد بابر اعظم اور اسد شفیق نے مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا۔ اس دوران بابر اعظم نے اپنی سنچری مکمل کی اور جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو بابر اعظم 143 اور اسدشفیق 60 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔

گزشتہ روز بنگلا دیش کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں233 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 جب کہ محمد عباس اور حارث سہیل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

مزید خبریں :