Time 09 فروری ، 2020
کھیل

لاہور میں کبڈی ورلڈکپ کا میلہ سج گیا

پاکستان میں پہلی بار کبڈی کا عالمی میلہ سج گیا۔

کبڈی ورلڈ کپ 2020 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں ہوئی جس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شرکت کی۔

پاکستان میں پہلی مرتبہ ہونے والے کبڈی کے عالمی میلے کی افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مقابلوں کے آغاز کا اعلان کیا۔

افتتاحی تقریب میں شائقین کی بڑی تعداد بھی اسٹیڈیم میں موجود تھی جبکہ تقریب کے دوران ایونٹ میں شریک ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا۔

تقریب میں فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا جس پر شائقین اور کھلاڑی جھومتے رہے۔

تقریب سے خطاب میں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ  آج نئی تاریخ رقم ہورہی ہے اور اِس ایونٹ کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

نشتر اسپورٹس کمپلیکس میں موجود دکانیں سیل کر دی گئی ہیں جب کہ اسٹیڈیم اور ارد گرد کے علاقوں میں بھی سیکیورٹی کےسخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ 

کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کے علاوہ مختلف ممالک کی 9 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں بھارت، جرمنی، ایران اور آذربائیجان کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔

ایونٹ کا پہلا میچ شام 6:30 بجے پاکستان اور کینیڈا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا مقابلہ رات 8 بجے ہو گا۔

کبڈی ورلڈ کپ کے ٹکٹس کے لیے پنجاب اسٹیڈیم کے باہر کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے، لبرٹی گول چکر پر بھی ایک کاؤنٹر پر ٹکٹس دستیاب ہیں، ٹکٹوں کی قیمت 200 اور 400 روپے رکھی گئی ہے۔

کبڈی کے مقابلے لاہور کے علاوہ فیصل آباد اور گجرات میں بھی منعقد ہوں گے۔

مزید خبریں :