دنیا
Time 09 فروری ، 2020

کورونا وائرس تاحال بے قابو، ہلاکتیں 800 سے تجاوز کر گئیں

چین سمیت دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس پر تاحال قابو نہیں پایاجا سکا ہے اور پُراسرار وبا سے مزید 89 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد 813 تک پہنچ گئی ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق 2003 میں پھیلنے والے سارس وائرس کے مقابلے میں کورونا وائرس سے  جانی نقصان زیادہ ہوا ہے اور 2650 مزید افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

دنیا بھر میں 37 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہیں جب کہ برطانیہ، آسٹریلیا اور فلپائن نے مزید شہریوں کو ووہان سے نکال لیا ہے۔

دوسری جانب امریکا سمیت مختلف ملکوں میں طبی ماہرین کورونا وائرس کی ویکسین بنانے کی دوڑ میں مصروف ہے۔

اس سے قبل 2002 سے 2003  کے درمیان سارس بیماری کے سبب 774 افراد ہلاک جب کہ  8100 افراد بیمار ہوئے تھے اور یہ صورتحال 8  ماہ کےدوران 26 ملکوں میں پیش آئی تھی، جن سے 45  فیصد اموات چین میں ہوئی تھیں۔

 دوسری جانب خطرناک کورونا وائرس سے صرف چین کے ہوبے صوبے میں 780 افراد ہلاک اور 27100 بیمار ہوئے ہیں۔

 ہوبئی میں نئے کیسز کی تعداد میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف 2147 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو پچھلے ایک ہفتے کے دوران سب سے کم تعداد ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے امکان ظاہر کیا ہے کہ خطے میں کورونا وائرس کی صورتحال اب مستحکم ہونا شروع ہو گئی ہے تاہم سنگاپور میں مزید7 کیسز رپورٹ ہونے سے وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 40 ہو گئی ہے۔

فرانس کے پہاڑی مقام میں چھٹیاں گزارنے والے 5 برطانوی شہری بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

مزید خبریں :