دنیا
Time 09 فروری ، 2020

برطانیہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہوگئی

کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کا لندن کے رائل فری اسپتال میں علاج جاری ہے،فوٹو:فائل

لندن میں ایک اور  شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد برطانیہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہوگئی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق حکام کی جانب سے ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص کی تصدیق کی گئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ یہ مریض فرانس میں کورونا وائرس سے متاثرہ ایک برطانوی شہری سے رابطے میں تھا اور وہیں سے یہ شخص وائرس سے متاثر ہوا۔

کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کا لندن کے رائل فری اسپتال میں علاج جاری ہے۔

دوسری جانب برطانیہ نے کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے چینی شہر ووہان سے اپنا آخری شہری بھی نکال لیا۔

رپورٹ کے مطابق ووہان سے 200 مسافروں کو لے کر جہاز برطانیہ پہنچ گیا، جہاز میں 105 برطانوی شہریوں سمیت دیگر یورپی ممالک کے 95 شہری بھی شامل تھے۔

ووہان سے آنے والے تمام مسافروں کو محکمہ صحت کی خصوصی ٹیم نے ایک ہوٹل میں منتقل کردیا ہے جہاں ان سب کو   14 دن تک قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔

کورونا وائرس سے ہلاکتیں 800 سے تجاوز کر گئیں

خیال رہے کہ چین سمیت دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس پر تاحال قابو نہیں پایاجا سکا ہے اور پُراسرار وبا سے مزید 89 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد 813 تک پہنچ گئی ہے۔

دنیا بھر میں 37 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے امکان ظاہر کیا ہے کہ خطے میں کورونا وائرس کی صورتحال اب مستحکم ہونا شروع ہو گئی ہے تاہم سنگاپور میں مزید7 کیسز رپورٹ ہونے سے وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 40 ہو گئی ہے۔

مزید خبریں :