Time 09 فروری ، 2020
کھیل

نسیم اور حسنین کے کوئٹہ گلیڈی ایٹر میں شامل ہونے پر فخر ہے: سرفراز احمد

 اس بار پوری پی ایس ایل ہوم گراؤنڈ پر ہورہی ہے جس کے لیے ہر کوئی پرجوش ہے،سرفراز احمد،فوٹو:فائل

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) میں  ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ انہیں فخر ہے نسیم شاہ اور محمد حسنین جیسے کھلاڑی پی ایس ایل میں اُن کی ٹیم میں شامل ہیں۔

کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو میں سرفراز احمد نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دونوں فاسٹ بولرز نسیم شاہ اور محمد حسنین اس بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ  میں ہوں گے جس کا ہمیں فائدہ ہوگا۔

ان کا کہناتھا کہ اِس ایڈوانٹج کے باوجود ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کسی ٹیم کو فیورٹ نہیں قرار دیا جاسکتا۔

 انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ پچھلے سال بھی کوئٹہ کے ساتھ تھا، ان فٹ ہونے کے باوجود بھی ٹیم نے نسیم کو ریلیز نہیں کیا کیوں کہ سب کو معلوم تھا کہ بہت جلد نسیم شاہ ایک بڑا بولر بنے گا اور آج نسیم شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کی ہے۔ 

سرفراز احمد نے نسیم شاہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے پی ایس ایل میں بھی وہ اچھا کھیلیں گے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان  نے کہا کہ اس بار پوری پی ایس ایل ہوم گراؤنڈ پر ہورہی ہے جس کے لیے ہر کوئی پرجوش ہے، امید ہے کوئٹہ کی ٹیم اچھا کھیل کر اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوگی۔

خیال رہے کہ پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ پنڈی ٹیسٹ میں بنگلا دیش کے خلاف ہیٹ ٹرک کر کے یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر  فاسٹ بولر بن گئے ہیں، ہیٹ ٹرک کے وقت  نسیم شاہ کی عمر 16 برس 359 دن تھی۔

اس سے قبل گذشتہ سال  قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد حسنین نے 19 سال کی عمر میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک  کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ وہ ٹی ٹوئنٹی میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر بولر ہیں۔

مزید خبریں :