05 اکتوبر ، 2019
سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں ہیٹ ٹرک کرکے محمد حسنین نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد حسنین نے 19 سال کی عمر میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کی، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر بولر ہیں۔
محمد حسنین نے افغانستان ٹیم کے لیگ اسپنر راشد خان سے یہ اعزاز چھینا ، جنہوں نے 20 سال کی عمر میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔
واضح رہے کہ محمد حسنین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے ہیٹ کرنے والے دوسرے بولر ہیں، ان سے قبل 2017 میں فہیم اشرف نے سری لنکا ہی کے خلاف دبئی میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔
فاسٹ بولر محمد حسنین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے نویں بولر ہیں۔
ان سے قبل بریٹ لی (آسٹریلیا)، جیکب اورم (نیوزی لینڈ)، ٹم ساؤتھی (نیوزی لینڈ) تھسارا پریرا(سری لنکا)، لاستھ ملنگا (سری لنکا)، فہیم اشرف(پاکستان) اور راشد خان (افغانستان) یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں جب کہ لاستھ ملنگا واحد بولر ہیں جنہوں نے دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی میں ہیٹ ٹرک کررکھی ہے۔
نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین عالمی کرکٹ کے تمام فارمیٹ میں کم عمری میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دوسرے کم عمر ترین بولر ہیں انہوں نے 19 سال 183 دن کی عمر میں یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے ۔
پہلے نمبر پر ہونے کا اعزاز سابق پاکستانی فاسٹ بولر عاقب جاوید کے پاس ہے جنہوں نے 19 سال 81 دن کی عمر میں ون ڈے کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔