Time 10 فروری ، 2020
دنیا

متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس سے متاثرہ پہلا مریض صحت یاب

 خاتون کو علاج کے بعد مکمل صحت یاب قرار دے دیا گیا ہے اور اب وہ معمول کی زندگی گزار سکتی ہیں،فوٹو:وام

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کورونا وائرس سے متاثرہ پہلا مریض صحت یاب ہوگیا۔

خلیجی اخبار کے مطابق  73 سالہ چینی خاتون کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ چینی شہر ووہان سےابوظہبی آئیں تھیں اور وائرس کی تشخیص کے بعد 23 جنوری سے وہ اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

اماراتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ خاتون کو علاج کے بعد مکمل صحت یاب قرار دے دیا گیا ہے اور اب وہ معمول کی زندگی گزار سکتی ہیں۔

ابوظہبی میں چینی قونصل جنرل نے خاتون کی خصوصی دیکھ بھال اور کورونا وائرس سے بہتر طریقے سے نمٹنے پر یو اے ای کے محکمہ صحت کا شکریہ ادا کیا اور اس کے کردار کی تعریف کی۔

صحت یاب ہونے والی چینی خاتون نے بھی متحدہ عرب امارات اور چینی سفارت خانے کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امارات میں بھی ووہان سے آنے والے چینی خاندان کے 4 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

کورونا وائرس سے ہلاکتیں 800 سے تجاوز کر گئیں

چین سمیت دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس پر تاحال قابو نہیں پایاجا سکا ہے اور پُراسرار وبا سے مزید 89 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد 813 تک پہنچ گئی ہے۔

دنیا بھر میں 37 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے امکان ظاہر کیا ہے کہ خطے میں کورونا وائرس کی صورتحال اب مستحکم ہونا شروع ہو گئی ہے تاہم سنگاپور میں مزید7 کیسز رپورٹ ہونے سے وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 40 ہو گئی ہے۔

مزید خبریں :