Time 10 فروری ، 2020
پاکستان

پاکستان ہی ہمارا نعرہ، مقصد اور منزل ہے: سید علی گیلانی

فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر کے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد پاکستان ہے اور ہمیشہ اس مقصد پر قائم رہیں گے۔

چیئرمین آل پارٹیز حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ پاکستان ہی ہمارا ہدف ہے، یہی ہمارا نعرہ ہے اور یہی ہمارا راستہ اور منزلِ مقصود بھی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی انتظامیہ نے کشمیر میں لاک ڈاؤن کر کے مقبوضہ وادی میں دہشت اور خوف کی فضاء قائم کر رکھی ہے اور سید علی گیلانی سمیت سینئر حریت قیادت کو گھروں میں نظر بند یا گرفتار کر رکھا ہے۔

اپنے گھر میں نظر بند سید علی گیلانی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیری اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں جو کہ پاکستان کی صورت میں اُن کے سامنے موجود ہے، کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ اپنا مستقبل بنانے کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔

سید علی گیلانی نے پاکستان کو اللہ تعالیٰ کی بڑی نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نعمت کو حاصل کرنے میں ہمیں اپنی پوری زندگی بھی جدوجہد کرنی پڑے تو ہم اس سے دریغ نہیں کریں گے کیونکہ پاکستان ہی ہمارا نعرہ، یہی ہمارا مقصد ہے اور یہی ہماری منزل ہے اور ہم اپنی منزل حاصل کر کے دم لیں گے۔

مزید خبریں :