16 اکتوبر ، 2019
مقبوضہ کشمیر کے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کی مسلسل حمایت پر پاکستان کی حکومت ، فوجی قیادت اور پاکستانی عوام سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کُل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کا سری نگر سے جاری بیان میں کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ مؤثر اور بھرپور انداز سے دنیا کے سامنے لانے پر وزیراعظم عمران خان کے ممنون ہیں، وہ اپنے عمل میں تیزی لائیں تاکہ عالمی برادری کو مقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال کا ادراک ہو۔
انہوں نے کہا کہ دنیا اور اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے محصور لوگوں کیلئے صرف بیانات کافی نہیں، اب وقت آگیا ہے اقوام عالم بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کیلئے اٹھ کھڑے ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیری بھارت کے شیطانی ہتھکنڈوں اور بھارتی فوج کے جبری تسلط کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے، جبری پابندیوں سے بھارت نے کشمیریوں کا عزم مزید مضبوط کر دیا ہے۔
سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ کشمیری آخری سانس تک حقوق کی جنگ لڑیں گے، کشمیریوں پرعائد تمام تر پابندیوں اور مظالم کے باوجود بھارت کی شکست وادی کی دیواروں پر لکھی ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کیا تھا۔
بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث وادی میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، وادی میں بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے۔
مقبوضہ وادی میں ٹیلیفون سروس اور انٹرنیٹ بند ہے جبکہ گزشتہ روز عارضی طور پر موبائل فون سروس کچھ علاقوں میں بحال کی گئی تھی۔