Time 10 فروری ، 2020
پاکستان

مناسب سمجھا تو طلبہ کو ووہان سے نکالنے کیلئے ایک لمحہ تاخیر نہیں کرینگے،ظفرمرزا

وزیراعظم عمران خان کے معاونین خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا اور زلفی بخاری نے چین میں موجود پاکستانی طلبہ سے ویڈیوکانفرنس پرگفتگو کی اور  انہیں ہر ممکن امداد کا یقین دلایا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور  معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے چین میں موجود پاکستانی طلبہ سے  ویڈیو کال پر گفتگو کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں آپ کی تکلیف کا ہمیں احساس ہے،  ہم نے آج چینی سفیرکے ساتھ تفصیلی ملاقات کی ہے اور صورتحال کا ہر  پہلو سے جائزہ لیا ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا  کا کہنا تھا کہ چینی سفیر سے ملاقات میں کورونا وائرس  سے متاثرہ ووہان میں مقیم پاکستانی طلبہ کے مسائل پر بھی بات ہوئی ہے۔

معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ میں پچھلے کئی دنوں سے سو نہیں سکا، مجھے آپ لوگوں کی بڑی فکر ہے، وزیراعظم عمران خان کی طرف سے آپ کی دیکھ بھال کے لیے خصوصی ہدایت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، حکومت پاکستان، ہمارا سفارتخانہ اور چین کی حکومت آپ کو تنہا نہیں چھوڑے گی، آپ کی فلاح اور ملک کے وسیع تر مفاد میں فیصلہ کریں گے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جا رہی ہے، مناسب سمجھا تو طلبہ کو ووہان سے نکالنے کے لیے ایک لمحہ تاخیر نہیں کریں گے  لیکن فی الحال ہوبئی صوبے میں چینی ضابطے کے مطابق کوئی شخص صوبے سے اندر  یا باہر نہیں جاسکتا۔

خیال رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق چینی صوبے ہوبئی کے شہر ووہان میں  559 کے قریب پاکستانی طلبہ موجود ہیں۔

اس سے قبل معاون خصوصی زلفی بخاری اور ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں چینی سفیر یاؤ جنگ سے ملاقات کی جس میں چین میں موجود پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے پر مشاورت کی گئی۔

 زلفی بخاری اور ڈاکٹر ظفر مرزا نے چینی سفیر یاؤ جنگ سے ملاقات میں چین میں موجود پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے پر مشاورت کی،فوٹو: وزارت قومی صحت ،ٹوئٹر

اس موقع پر زلفی بخاری نے مطالبہ کیا کہ خصوصی کیسز کی صورت میں چینی حکومت خصوصی تعاون کرے اور سفارتخانے اور پاکستانی شہریوں کے درمیان رابطے آسان بنائے جائیں۔

ملاقات کے دوران صورت حال میں بہتری پر پاکستانیوں کے چین سےانخلاء کے آپشن پر بھی غور کیا گیا۔

 چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین میں موجود پاکستانیوں کی دیکھ بھال مزید بہتر کر رہے ہیں،ہر قسم کی پیش رفت سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھیں گے۔

خیال رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 97 افراد ہلاک ہونے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 900 سے تجاوز کر گئی ہے اور سب سے زیادہ اموات چینی صوبے ہوبئی میں ہوئی ہیں۔

دنیا بھر میں 37 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہیں جب کہ برطانیہ، آسٹریلیا اور فلپائن نے مزید شہریوں کو ووہان سے نکال لیا ہے۔

مزید خبریں :