نوجوانوں سے جُڑنے کیلیے پولیس بھی ٹک ٹاک پر آگئی

فوٹو: فائل

مقبول ترین لپ سنکنگ ایپ ٹک ٹاک نوجوانوں کی پسندیدہ ایپ سمجھی جاتی ہے اور نوجوان اس ایپ کو استعمال کرکے کافی وقت گزارتے ہیں۔

ٹک ٹاک کی مقبولیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے بھارتی ریاست بنگلور کی سٹی پولیس نے بھی ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بنالیا ہے تاکہ وہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں سے جُڑ سکیں اور ساتھ ہی انہیں آگاہی بھی فراہم کرسکیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جنوب مشرقی بنگلور پولیس کے حکام  کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’ہم بھی اب ٹک ٹاک پر ہیں جو کہ ایک مقبول ترین پلیٹ فارم ہے اور یہ نوجوانوں سے جُڑنے کے لیے کافی اچھا ہوگا‘۔

حکام نے کہا کہ ٹک ٹاک کے مواد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہم اس پر آگاہی سے متعلق ویڈیوز اپ لوڈ کریں گے جس میں ہنسی مذاق کا عنصر بھی شامل ہوگا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلور پولیس کی جانب سے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر آگاہی سے متعلق ویڈیوز بھی اپ لوڈ کی گئی ہیں اور ان کے فالوورز کی تعداد 25 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

بنگلور پولیس کی جانب سے ٹک ٹاک پر پوسٹ کی جانے والی پہلی ویڈیو ٹریفک قوانین سے آگاہی کے حوالے سے ہے جب کہ دوسری ویڈیو میں ڈی سی پی ایشا پانت گانا گارہی ہیں جو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی۔

واضح رہے کہ لپ سنکنگ ایپ ٹک ٹاک کو 2019 میں اُس وقت مقبولیت حاصل ہوئی جب ماہِ نومبر  میں ایپلیکیشن کو پلے اسٹور اور ایپل اسٹور دونوں سے ہی ایک ارب 50 کروڑ صارفین نے ڈاؤن لوڈ کیا اور اس ایپ نے معروف ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک میسنجر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

2019 میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ ٹک ٹاک ایپ کو بھارت میں ڈاؤن لوڈ کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :