11 فروری ، 2020
چین میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوزکر گئی جس کے بعد حکومت نے وائرس سے نمٹنے کے لیے کام کرنے والے متعدد اعلی عہدیداروں کوبرطرف کردیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق چین کے صوبے ہوبئی میں کورونا وائرس کے باعث پیر کے روز 103 ہلاکتیں ہوئی جس کے بعد چین میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ہوبئی ہیلتھ کمیشن کے مطابق پیر کے روز صوبے میں 2،097 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو گزشتہ روز 2618 کیسز کی تعداد کے نسبت کم ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق چین میں قومی سطح پر بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پہلے دن سے تقریباً 20 فیصد کم ہوچکی ہے۔
دوسری جانب چینی حکومت نے صوبے ہوبئی میں ناقص حکمت عملی کے باعث سب سے سینئر عہدیدار ہیلتھ کمیشن کے سیکریٹری اور کمیشن کے سربراہ کو فارغ کردیا ہے۔
اس کے علاوہ مقامی ریڈ کراس کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو بھی فرائض میں غفلت برتنے پر ہٹا دیا گیا ہے۔