11 فروری ، 2020
اسلام آباد: اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے ارکان پارلیمنٹ نے مہنگائی کے خلاف ایوان کے باہر احتجاج کیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مہنگائی کے خلاف ہونے والے احتجاج میں ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹ نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔
ارکان پارلیمنٹ نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی، اس دوران لیگی رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کا استحصال کررہی ہے، حکمران اب زیادہ وقت نہیں نکال سکیں گے، اگر ہمارے احتجاج کا نتیجہ نہ نکلا تو تحریک گلیوں تک پہنچ سکتی ہے۔
اس موقع پر رانا تنویر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کی تحقیقات کرائی ہیں، یہ رپورٹ وزیراعظم کو موصول ہوگئی ہے لہٰذا اس رپورٹ کو عام کیا جائے اور پارلیمنٹ میں بحث کرائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہمیشہ کی طرح اپنے قریبی ساتھیوں کو بچائیں گے لہٰذا وہ فوری طور پر مستعفی ہوں اور نئے انتخابات کرائے جائیں۔
خیال رہے کہ ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ہے اور رواں سال کے پہلے مہینے میں مہنگائی کی شرح 14.6 فیصد رہی جو کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت میں سب سے زیادہ ہے۔
ادارہ شماریات پاکستان کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق دسمبر 2019 میں مہنگائی کی شرح 12.6 فیصد تھی جو جنوری 2020 میں بڑھ کر 14 اعشاریہ 6 فیصد ہو گئی جب کہ جنوری 2019 میں یہ شرح 5.6 فیصد تھی۔