12 فروری ، 2020
پاکستان سپر لیگ فائیو کا آغاز جلد ہونے والا ہے جس کے لیے مداحوں کے ہر دلعزیز پشاور زلمی کے کھلاڑی ڈیرن سیمی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ڈیرن سیمی کو پاکستان سے بے حد لگاؤ ہے جس کا ذکر وہ پی ایس ایل کہ گزشتہ ایڈیشنز اور مختلف انٹرویوز کے دوران کر چکے ہیں۔
امسال بھی ڈیرن سیمی پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے جس کے لیے وہ آج پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ڈیرن سیمی اکثر اپنی ٹوئٹس میں پاکستان سے اظہار محبت کرتے رہتے ہیں لیکن اس بار انہوں نے انگریزی میں ٹوئٹ کرنے کے بجائے اردو میں ٹوئٹس کیں۔
اگرچہ ڈیرن سیمی کو اردو نہیں آتی لیکن انہوں نے گوگل ٹرانسلیٹر کی مدد سے انگریزی کا اردو میں ترجمہ کرکے پاکستان کے لیے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
سیمی نے اپنی ٹوئٹ میں زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان میں پی پی ایس 5 کا مطلب پاکستان کے عوام کے لیے بہت معنی ہو گا اور میں اپنے پشاور زالما خاندان میں شامل ہونے کا انتظار نہیں کر سکتا اور اس کے ساتھ ساتھ اپنے آپ کو جوش و جذبہ کی وجہ سے ہجوم کے سامنے کھیل رہا ہوں ، یہ صرف کرکٹ نہیں ہے‘۔
ایک اور ٹوئٹ میں سیمی لکھتے ہیں کہ’پاکستان میں اپنے راستے پر ہوں... یہ صرف کرکٹ سے زیادہ راستہ ہے‘۔
ایسے میں شائقین نے ڈیرن سیمی کی اردو ٹوئٹس کو بہت سراہا مگر کہا کہ آپ انگریزی میں ہی لکھ دیتے جو کہنا چاہ رہے تھے اردو تو کنفیوژ کر رہی ہے۔
جس پر ڈیرن سیمی نے محسوس کیا کہ شاید انہوں نے درست بات نہیں لکھی اور ایک اور ٹوئٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ گوگل ٹرانسلیٹر درست نہیں ہے‘۔
بہرحال ڈیرن سیمی کی اپنی زلمی ٹیم اور شائقین کے لیے والہانہ محبت کو ہم خوب سراہتے ہیں لیکن وہ اپنی ٹوئٹس میں کہنا کیا چاہتے تھے آئیے جانتے ہیں۔
ڈیرن سیمی اپنی اردو ٹوئٹ میں کہنا چاہتے تھے کہ ’پی ایس ایل 5 پاکستانی عوام کے لیے بہت معنی رکھتا ہے ، ان سے اپنی زلمی فیملی میں شامل ہونے کا انتظار نہیں ہو رہا اور اس بار بھی جوش و جذبے کے ساتھ شائقین کے سامنے کھیلوں گا کیونکہ یہ صرف کرکٹ نہیں ہے۔
دوسری ٹوئٹ میں ڈیرن سیمی نے بتایا کہ وہ پاکستان کے لیے رواں دواں ہیں اور یہ صرف کرکٹ کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ڈیرن سیمی نے پی ایس ایل 3 کے درمیان تھوڑی بہت اردو زبان سیکھی تھی، انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں اردو زبان میں کہا کہ وہ بھی کراچی کی بریانی کے شوقین ہیں۔