پاکستان
Time 12 فروری ، 2020

بلاول کے دور کی کرپشن کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے: فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قومی اسمبلی میں تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں بلاول دور کی کرپشن کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اپوزیشن کا احتجاج سیاسی محرومیوں کے ماتم کے سوا کچھ نہیں، اپوزیشن جماعتیں عوام کے لیے نہیں اپنے سیاسی مفادات کے لیے احتجاج کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ بلاول صاحب یہ آپ کے دور کی کرپشن ہے جس کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے، ابو اور پھوپھو سے کہیں کہ قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کر دیں، مہنگائی ختم ہو جائے گی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن کے پیٹ میں عوام کی ہمدردی کا نہیں اپنی کرپشن اور اقتدار کا درد ہو رہا ہے یہ ان لوگوں کا احتجاج تھا جو عوام کے خرچے پر اب بھی مزے اڑا رہے ہیں جنہوں نے ہوائی اڈے تک عالمی اداروں میں گروی رکھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں رہ کر انہوں نے قوم سے اس کی زندگی اور مستقبل چھین لیا، یہ احتجاج کرنے والے مجرم ہیں جنہوں نےقوم کو غربت، قرض ،مہنگائی کی دلدل میں دھکیلا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ عوام کا خون چوس کر غریبوں کے پیسے پر پلنے والے حکومت میں کفیل ڈھونڈ رہے ہیں جب کہ مافیا کے سرغنہ لندن میں ہیں، خواجہ آصف صاحب کو چاہیے وہاں رابطہ کریں۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یاد ہے عمران خان کہتے تھے وزیراعظم کرپٹ ہوتا ہے تو مہنگائی بڑھتی ہے، اب وزیراعظم بتائيں ان کی کونسی کرپشن کی وجہ سے مہنگائی ہوئی ہے۔

بلاول نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مان لیں کہ وہ نالائق اور سلیکٹڈ ہیں،جو بھی ہيں انہیں گھر جانا پڑے گا اور عوام کو ریلیف دینا پڑے گا۔

مزید خبریں :