دنیا
Time 12 فروری ، 2020

کروز شِپ ’ڈائمنڈ پرنسز‘ کے مزید 39 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق

جہاز میں موجود کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 175 تک پہنچ گئی ہے جس میں ایک قرنطینہ افسر بھی شامل ہے— فوٹو: رائٹرز

جاپان کے ساحل سے کچھ دور لنگر انداز پرتعیش بحری جہاز ’ڈائمنڈ پرنسز‘ میں مزید 39 افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی۔

جہاز میں موجود کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 175 تک پہنچ گئی ہے جس میں ایک قرنطینہ افسر بھی شامل ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق جاپان کے شہر یوکوہاما کی بندرگاہ سے کچھ فاصلے پر روکے دیے گئے برطانوی کروز شپ ’ڈائمنڈ پرنسز‘ میں مزید 39 افراد میں پُراسرار کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے 4 افراد کی حالت بہت نازک ہے۔

وزارت صحت کے مطابق جن 39 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان میں 10 جاپانی شہری شامل ہیں جبکہ دیگر افراد کا تعلق امریکا اور چین سمیت 11 ممالک سے ہے۔

ذرائع کے مطابق جس افسر میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے وہ جہاز میں موجود متاثرہ افراد کی صحت کا خیال رکھ رہا تھا۔ اس نے اس دوران فیس ماسک اور دستانے تو پہنے تھے مگر اس سے بچاؤ کے کپڑے نہیں پہنے تھے۔

جاپان کے وزیرِ صحت کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے شبہ میں باقی لوگوں کے بھی ٹیسٹ کئے گئے ہیں جس کی رپورٹ سے متعلق بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس بحری جہاز میں سوار ایک شخص ہانگ کانگ میں اتر گیا تھا جس میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد 3 فروری کو ڈائمنڈ پرنسز کو یوکوہاما کے قریب ہی روک لیا گیا جسے 19 فروری تک یہیں رکھا جائے گا۔

بحری جہاز میں موجود لوگوں کی تعداد 3700 ہے، جس میں 1 ہزار 100 کے قریب جہاز کا عملہ اور 2 ہزار 670 مسافر شامل ہیں۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق متاثرہ صوبے ہوبئی میں مزید 94 افراد کی ہلاکت کے بعد کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 1113 تک پہنچ گئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 44 ہزار 653 ہو گئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کا نام تبدیل کرتے ہوئے کووِڈ 19 رکھ دیا ہے۔

مزید خبریں :