دنیا
Time 12 فروری ، 2020

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے مرض کو نیا نام دے دیا

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ناول کورونا وائرس کو اب ’کووڈ-19 ‘کا نام دے دیا ہے۔

ڈبلیو ایچ او  کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈانوم نے جینیوا میں میڈیا نمائندگان کو بتایا کہ پراسرار کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ہزار سے تجاوز کرنے کے بعد اس سے ہونے والے مرض کو کووڈ-19 (covid-19) کا نام دیا گیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق وبا کا نیا نام کورونا ، وائرس اور بیماری کا مرکب ہے   جس میں 2019  کا سال بھی نمایاں ہے  کیونکہ عالمی ادارہ صحت کو اس وائرس کی اطلاع گزشتہ برس کی 31 دسمبر کو موصول ہوئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق محققین وائرس کے باعث تشخیص ہونے والے مرض کے لیے باضابطہ نام رکھنے کا مطالبہ کر رہے تھے تاکہ کسی بھی ملک یا گروپ کی پریشانی اور طنز سے بچ سکیں۔  

نئے نام کے حوالے سے ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ہمیں ایک ایسا نام تلاش کرنا پڑا جو جغرافیائی محل وقوع، جانور، کسی فرد یا لوگوں سے نہ ملتا ہو اور بیماری کو بھی واضح کرتا ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ نام رکھنا ایسے ناموں سے حفاظت کرتا ہے جو نامناسب ہوں یا بدنامی کا باعث ہوں اس لیے نیا نام کووڈ-19 مستقبل میں وائرس پھیلنے کی صورت میں ایک معیار دے سکتا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے خدشات کے پیش نظر عالمی ادارہ صحت نے بین الاقوامی سطح پر ہنگامی حالت نافذ کر رکھی ہے۔

مزید خبریں :