پاکستان
Time 12 فروری ، 2020

شیخ رشید کا کراچی سرکلر ریلوے ٹریک سے تجاوزات ایک ماہ میں ختم کرنے کا دعوٰی

وزیر ریلوے شیخ رشید نے کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) ٹریک سے ایک ماہ میں تجاوزات کے خاتمے کا دعویٰ کرتے ہوئے پولیس کے ساتھ رینجرز کی مدد لینے کا عندیہ بھی دے دیا۔

اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے سرکلر ریلوے کی زمین خالی کرانے کے لیے رینجرز سے مدد لینے کی اجازت دے دی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی راہ میں آنے والی تجاوزات کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ رینجر ز کی بھی مدد لی جائےگی۔

 وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون منصوبہ بننے تک ریلوے ٹھیک نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے تھے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) دفن ہوگیا ان کو آج پیغام مل گیا،اسد عمر نے سپریم کورٹ کو ایم ایل ون منصوبے کی تاریخوں سے آگاہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے کراچی اور لاہور میں ریلوے اراضی بیچ کر ریلوے کو بہتر کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

شیخ رشید نے  راولپنڈی میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بتایا کہ عمران خان کے دور میں ہی نالہ لئی پر  لئی ایکسپریس وے کا کام مکمل ہوگا۔

  غریب کے گھر گرانے پر رضامند نہیں، وزیر اعلیٰ سندھ

دوسری جانب کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تجاوزات کسی صورت منظور نہیں مگر غریب کے گھر گرانے پر رضامند نہیں، عوام کے سر سے چھت گرانا ہمیں قبول نہیں۔

اُدھر جانب  کراچی میں سرکلر ریلوے کی بحالی کے لیے ریلوے اراضی سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔

انکروچمنٹ عملے نے محکمہ ریلوے ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ گلشن اقبال میں گیلانی ریلوے اسٹیشن پرغیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی۔

مزید خبریں :